یو اے ای میں تنخواہوں سے متعلق بڑا قانون نافذ، تاخیر پر سخت کارروائی ہوگی
متحدہ عرب امارات میں حکومت نے ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے نیا قانون نافذ کر دیا ہے جس کے تحت نجی کمپنیوں کو ہر مہینے کی پہلی تاریخ تک تنخواہیں ادا کرنا لازمی ہوگا۔
اماراتی وزارت محنت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے قانون کا اطلاق صرف نجی شعبے کی کمپنیوں پر ہوگا جبکہ سرکاری ادارے اس پالیسی کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گے۔
حکام کے مطابق اگر کوئی کمپنی مقررہ تاریخ کے بعد تنخواہ ادا کرتی ہے تو اسے تاخیر تصور کیا جائے گا اور متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
وزارت محنت نے واضح کیا کہ اس قانون کا مقصد ملازمین کے حقوق کا تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ کارکنوں کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رپورٹس کے مطابق یو اے ای حکومت پہلے ہی ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے مختلف اصلاحات متعارف کرا چکی ہے اور نئی پالیسی کو بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قانون سے خاص طور پر غیر ملکی ورکرز کو فائدہ ہوگا جو نجی کمپنیوں میں ملازمت کرتے ہیں اور بروقت تنخواہوں پر انحصار کرتے ہیں۔