تفتیشی افسر خاتون پولیس اہلکار کی موجودگی میں پنکی سے تفتیش کرے، عدالت کا حکم

عدالت نے منشیات فروش انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات سے متعلق مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے منشیات فروش انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات سے متعلق مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری حکمنامے میں عدالت نے کہا کہ مفرور رہنے والی ملزمہ انمول عرف پنکی کو پولیس نے مقدمہ میں گرفتار کرکے پیش کیا۔ ملزمہ انمول عرف پنکی نے کسی قسم کے تشدد کی شکایت نہیں کی۔

ملزمہ کی جانب سے وکلا میر ہدایت اللہ خان، ناصر خان اور اسد اللہ خان نے وکالت نامے جمع کرائے۔

حکمنامے کے مطابق ملزمہ کے وکلا نے موقف دیا کہ جسمانی ریمانڈ دینے سے کوئی نتیجہ سامنے نہیں آئے گا۔ ملزمہ کے وکلا نے استدعا کی کہ عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا جائے۔

سرکاری وکلا شکیل عباسی اور حسن محبوب نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کا نام چالان میں لکھا ہوا ہے، ملزمہ منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہے۔ ملزمہ مختلف رائیڈرز کے ذریعے منشیات سپلائی کرواتی تھی جس سے مقدمات میں تفتیش درکار ہے۔

ملزمہ کی ایک ہفتہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمہ پہلے ہی ایس آئی یو میں درج مقدمہ میں 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر ہے۔ تفتیشی افسر نے بھی ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

گزری تھانے کے مقدمات میں تحریری حکمنامے کے مطابق عدالت نے ملزمہ کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ تفتیشی افسر ملزمہ کو 22 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر خاتون پولیس اہلکار کی موجودگی میں ملزمہ سے تفتیش کرے۔ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرائے۔

متعلقہ

Load Next Story