اسحاق ڈار کا ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعادہ

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیروں نے ملاقات کی

فوٹو: فائل

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے تجارت، عوامی سطح پر تبادلوں اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیروں سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح پر زور دیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ ایران کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران روانگی سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور  اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، روابط، عوامی سطح کے تبادلوں اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزیدوسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ میں تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے، نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل انوائز کانفرنس کے موقع پر اسحاق ڈار سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے بھی ریجنل انوائز کانفرنس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانی برادری سے مسلسل رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

Load Next Story