کراچی میں بگڑے امیر زادوں کی گاڑی میں سوار فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی اور ہنگامہ آرائی

متاثرہ فیملی نے پولیس کو تحریری شکایت درج کرادی ہے، ملزمان کی تلاش جاری

فوٹو اسکرین گریپ

کراچی کے علاقے فیروز آباد میں بگڑے امیر زادے جوڑے کی جانب سے کار سوار فیملی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود میں کار سوار فیملی کو مہنگے ڈالے میں سوار امیر زادے اور خاتون نے مبینہ طور پر راستہ نہ دینے پر ہراساں کیا اور گاڑی کا شیشہ توڑ دیا۔

واقعے کے وقت گاڑی میں شہری، اہلیہ اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے مشتعل شخص اور خاتون سے بچنے کیلیے دروازے لاک کرلیے تھے۔

سڑک پر ہنگامہ آرائی کرنے والے امیر زادے نے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو کار میں سوار شخص نے ویڈیو بنالی۔

اس حوالے سے فیروز آباد پولیس نے رابطہ کرنے پر معلومات دیں کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جبکہ متاثرہ فیملی نے تحریری شکایت بھی درج کرادی ہے۔

حکام نے بتایا کہ تحریری درخواست موصول ہونے کے بعد متاثرہ فیملی سے رابطہ ہوگیا ہے جو ڈیفنس ویو کی رہائشی ہے اور یہ معاملہ راستہ نہ دینے کی وجہ سے نہیں بلکہ دو خاندانوں کے آپسی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے کہا کہ متاثرہ فیملی نے صرف شکایت درج کرائی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون کو پولیس تلاش کررہی ہے۔

دوسری جانب فیملی کے قریبی ذرائع نے پولیس کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے ایک بار پھر الزام دہرایا کہ راستہ نہ دینے پر یہ واقعہ پیش آیا اور وہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کو نہیں جانتے۔

Load Next Story