حجاج اللہ کے مہمان ہیں ان کی خدمت ہماری اولین ذمہ داری ہے، سعودی وزیر داخلہ

سعودی وزیر داخلہ نے رکن اعظم وقوف عرفہ کے انتظامات اور سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا

مکہ مکرمہ:

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی زیر صدارت سپریم حج کمیٹی کا اہم اجلاس میدان عرفات میں منعقد ہوا جس میں مناسک حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سکیورٹی اور انتظامی امور سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس دوران منیٰ سے میدان عرفات تک عازمین حج کی منتقلی، ٹرانسپورٹ سسٹم، پیدل راستوں اور مجموعی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔

حج سکیورٹی کے انچارج محمد بن عبداللہ البسطامی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ عازمین کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے تمام منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ سکیورٹی ادارے ہر مرحلے پر حجاج کرام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ حجاج اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت سعودی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حج انتظامات کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ وقوفِ عرفہ کے دوران اپنے خیموں میں ہی رہیں تاکہ شدید گرمی اور دھوپ سے محفوظ رہ سکیں۔

وزارت کے مطابق میدان عرفات میں آج موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے اس لیے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر 4 بجے تک خیموں میں موجود رہیں اور خطبہ حج آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے سنیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ عازمین جبل رحمت کی طرف جانے سے بھی گریز کریں اور سعودی حکام کی جانب سے جاری تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ مناسک حج بخیر و عافیت مکمل کیے جا سکیں۔

متعلقہ

Load Next Story