عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کا نظام سندھ حکومت کی بدترین نااہلی کا شکار ہوگیا، ایم کیو ایم

شہر میں آلائشیں نہ اٹھانے سے تعفن پھیل رہا ہے لیکن بلدیاتی عملہ غائب ہے، ترجمان

کراچی:

کراچی میں عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عید الاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کا نظام سندھ حکومت کی بدترین نااہلی کا شکار ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں، لنک روڈز اور گلی محلوں میں آلائشیں تاحال موجود ہیں جس کے باعث تعفن پھیل رہا ہے جبکہ متعلقہ بلدیاتی عملہ غائب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔ لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور اولڈ سٹی ایریا میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔

ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا کہ بلدیہ، کیماڑی، اورنگی، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں بھی صفائی کا نظام مفلوج ہوچکا ہے۔

ان کے مطابق عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے صرف بیانات تک محدود رہے اور زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

Load Next Story