ایران کا کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ، امریکا کا اسے ناکام بنانے کا دعویٰ

امریکی سینٹ کام کے مطابق فورسز نے 5 ڈرونز ناکام بنادیے اور بندرعباس سے لانچ کیا گیا چھٹا ڈرون بروقت روک دیا گیا

فوٹو: غیرملکی میڈیا

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا، امریکا نے حملے کو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی بھی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر امریکی سینٹ کام سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے کویت پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا تاہم کویتی فورسز نے اسے بروقت تباہ کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی کا ارتکاب اس وقت کیا گیا جب چند گھنٹے قبل ایرانی فورسز نے 5 ڈرونز سے حملہ کیا جو آبنائے ہرمز کے قریب اور اندر واضح طور پر خطرہ تھا۔

امریکی سینٹ کام نے بتایا کہ امریکی فورسز نے تمام ڈرون ناکارہ بنادیے اور بندر عباس میں ایرانی بری فورسز کے جانب سے لانچ کیا گیا چھٹا ڈرون بھی روک دیا۔

امریکی سینٹ کام نے بتایا کہ امریکی فورسز اور خطے کے شراکت دار بدستور چوکس ہیں اور ایران کی جارحیت کے خلاف اپنے فورسز اور مفادات کے دفاع کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کا اظہار مذمت

سعودی عرب نے کویت پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور کویت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض نے کویت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story