پاکستان ویمنز ٹیم سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنا پہلا میچ جمعہ کو ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلے گی، قومی ویمن کپتان فاطمہ ثنا نے بہترین کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرلیں۔
پاکستان، ویسٹ انڈیز اور میزبان آئرلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز جمعرات کو آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ سے ہوا،4 جون تک کھیلی جانے والی سیریز کا مقصد 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026سے قبل حتمی تیاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم نےسیریز کے لیے تیسرے روزجمعرات کوبھی ڈبلن کے آئرلینڈ کرکٹ ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھرپورپریکٹس سیشن میں شرکت کی اورہیڈ کوچ و مینٹوروہاب ریاض کی زیرنگرانی مشقیں کیں، کوچنگ استاف کی معاونت سے کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس سیشنزمیں حصہ لیا، مشقوں کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس اور اسکل بیسڈ ڈرلز پربھی بھرپورتوجہ دی گئی۔
قومی ویمن ٹیم فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ بہترین نتائج کی کوشش کی جائے گی،کوچنگ اسٹاف کی مدد سے بھرپورمحنت کی ہے،سینیئراورنوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج سود مند ثابت ہوگا،پاکستان ویمن ٹیم سیریزمیں دونوں ٹیموں کے خلاف 2،2 میچز کھیلے گی۔
پاکستان اپنا دوسرامیچ31 مئی کو آئرلینڈ، تیسرا میچ3 جون کو ویسٹ انڈیزاورچوتھا میچ میچ 4 جون کو آئرلینڈسے کھیلے گا، پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست رہنے والی ٹیم فاتح قرارپائے گی۔
پاکستان ویمنز اسکواڈ فاطمہ ثناء(کپتان)،عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید ، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن پر مشتمل ہے، ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں۔