ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ پر حملے کی سازش کرنے والے نوجوان کو 15 سال قید

21 سالہ آسٹرین شہری کو ویانا میں ہونے والے ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ سے صرف ایک روز قبل گرفتار کیا گیا تھا

امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے نوجوان کو آسٹریا کی عدالت نے 15 سال قید کی سزا سنا دی۔

اس کیس نے گزشتہ برس دنیا بھر میں سنسنی پھیلا دی تھی، کیونکہ یہ منصوبہ ٹیلر سوئفٹ کے یورپی ٹور کے دوران ایک بڑے دہشتگرد حملے سے متعلق تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ آسٹرین شہری کو 2024 میں ویانا میں ہونے والے ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ سے صرف ایک روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نہ صرف کنسرٹ پر حملے کی تیاری کر رہا تھا بلکہ اس نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں بھی دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا۔

رپورٹس کے مطابق ملزم شدت پسند نظریات سے متاثر تھا اور سیکیورٹی اداروں نے خفیہ معلومات ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لیا۔ اس کیس کے بعد ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کے مجوزہ کنسرٹس کے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے تھے جبکہ متعدد ایونٹس بھی متاثر ہوئے تھے۔

عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے دہشتگردی سے متعلق الزامات تسلیم کر لیے، جس کے بعد عدالت نے اسے 15 سال قید کی سزا سنائی۔ پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو ایک بڑا سانحہ رونما ہو سکتا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس یورپ میں ٹیلر سوئفٹ کے ’’ایراز ٹور‘‘ کے دوران سیکیورٹی خدشات کئی بار سامنے آئے تھے۔ اس عالمی میوزیکل ٹور نے ریکارڈ کامیابیاں سمیٹیں، تاہم اس حملے کی منصوبہ بندی نے مداحوں اور انتظامیہ دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔

Load Next Story