پاکستان اور امریکا کا انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی

فوٹو: وزارت خارجہ ایکس

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور امریکا کے وزیرخارجہ مارکو روبیو نے تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سےجاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں اہم ملاقات کی، جس میں پاک-امریکا تعلقات، علاقائی صورت حال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں  بتایا گیا کہ  دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکا دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور  خطے سمیت عالمی صورت حال پر بھی گفتگو کی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح پر روابط اور خطے میں امن، سلامتی اور خوش حالی کے مشترکہ اہداف کے تحت پاک-امریکا شراکت داری مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

 

Load Next Story