کورنگی کراسنگ پر واٹرٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، 2 زخمی

لاش اور زخمیوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

شہر قائد کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار واٹرٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، حادثے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

چھیپا حکام کے مطابق کورنگی کراسنگ اٹک پمپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل تباہ جبکہ حادثے میں ایک شخص جاں بحق، دو افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 22 سالہ علی رضا کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 23 سالہ شمشاد اور 20 سالہ شایان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

س حوالے سے ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا حکم داد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی ایک بڑی جیپ سے ٹکر ہوئی تھی جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے سڑک کے دوسرے ٹریک پر جاگرے اور وہاں سے آنے والے واٹر ٹینکر سے حادثہ پیش آگیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر اور متوفی کی موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی جبکہ پولیس جیپ کے ڈرائیور کو بھی گاڑی سمیت تھانے لے آئی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

 

Load Next Story