پاکستانی طالبعلم نے امریکی یونیورسٹی سے ممتاز اعزاز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کردیا
پاکستانی طالبعلم اور محقق سید محمد ابوبکر نے امریکا کی معروف جارج میسن یونیورسٹی سے سائنس کمیونیکیشن کے شعبے میں ممتاز اعزاز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کر دیا۔
موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی صحافت کے موضوع پر تحقیق کرنے والے سید محمد ابوبکر کو "جو وِٹے اسپیشل ریکگنیشن اِن سائنس کمیونیکیشن لیڈرشپ" ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
امریکی ریاست ورجینیا میں واقع جارج میسن یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران یہ ایوارڈ سید محمد ابوبکر کو سائنس کمیونیکیشن کے میدان میں نمایاں تحقیقی خدمات اور پی ایچ ڈی پروگرام میں شاندار تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔
یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پی ایچ ڈی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کرس کلارک کے مطابق سید محمد ابوبکر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ابلاغ اور ماحولیاتی صحافت کے شعبے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس وقت پاکستانی صحافیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کی رپورٹنگ میں درپیش چیلنجز پر تحقیق کر رہے ہیں۔
اعزاز حاصل کرنے پر سید محمد ابوبکر نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور ہندوکش ہمالیہ کا خطہ موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہا ہے، اس لیے عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
ان کے مطابق میڈیا موسمیاتی خطرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور متاثرہ آبادیوں کو بروقت خبردار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔