عید ختم، کفایت شعاری مہم شروع؛ مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے

ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کا نوٹی فکیشن اگلے احکامات تک مؤثر رہے گا

اسلام آباد:

عیدالاضحیٰ کے گزرتے ہی کفایت شعاری مہم پھر شروع کردی گئی، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے کاروباری اوقات سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں نئی پابندیاں یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گی، تاہم اس میں فارمیسیز، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ دودھ اور ڈیری شاپس پر نئے اوقات کی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ جمز اور پیڈل کورٹس سمیت اسپورٹس سہولیات بھی مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔

اسی طرح آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔ ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے۔ کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس کے لیے بھی رات 10 بجے بندش کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ نجی مقامات پر ہونے والی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کی پابندی لاگو ہوگی۔

واضح رہے کہ توانائی بچت اقدامات کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے اوقات محدود کیے گئے ہیں۔ ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کا یہ نوٹیفکیشن اگلے احکامات تک مؤثر رہے گا۔

Load Next Story