عیدالاضحیٰ پر ریسٹورنٹ جیسا نرم اور جوسی باربی کیو بنانے کے آسان راز

بہترین باربی کیو صرف مصالحوں کا نہیں بلکہ گوشت کی درست تیاری، مناسب میرینیشن اور متوازن آنچ کا بھی نتیجہ ہوتا ہے

لوگ باربی کیو گوشت کو پکاتے ہوئے اسے سرخ کرنے کی کوشش نہ کریں، ماہرین کا مشورہ فوٹو: فائل

عیدالاضحیٰ آتے ہی گھروں میں قربانی کے گوشت سے نت نئے پکوان تیار کرنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، جبکہ شام ڈھلتے ہی چھتوں اور لانز میں باربی کیو پارٹیاں بھی سج جاتی ہیں۔ تاہم اکثر لوگوں کی یہ شکایت ہوتی ہے کہ گھر پر تیار کیا گیا تکہ، بوٹی یا کباب بازار اور ریسٹورنٹس جیسا نرم، رسیلا اور ذائقہ دار نہیں بنتا۔ ماہرین کے مطابق چند سادہ احتیاطی تدابیر اپنا کر تازہ قربانی کے گوشت کو نہایت نرم اور لذیذ بنایا جا سکتا ہے۔

باربی کیو کے لیے گوشت نرم کرنے کے کئی مؤثر طریقے موجود ہیں۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ کمرشل میٹ ٹینڈرائزر پاؤڈر گوشت پر لگا کر کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیا جائے، پھر مصالحے شامل کرکے گوشت کو آدھے سے ایک گھنٹے تک فریج میں رکھا جائے۔ روایتی انداز میں کچے پپیتے کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، تاہم اس کی زیادہ مقدار گوشت میں ہلکی سی کڑواہٹ پیدا کر سکتی ہے، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق سرکے کا استعمال بھی گوشت نرم کرنے کا ایک انتہائی مؤثر طریقہ ہے۔ تھوڑے سے سرکے کو پانی میں ملا کر گوشت کو آدھے سے دو گھنٹے تک بھگو دیا جائے تو ریشے نرم ہو جاتے ہیں اور گوشت جلد گلنے لگتا ہے۔ خاص طور پر چانپوں اور تکوں کے لیے یہ طریقہ بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔

گوشت کو مصالحے لگانے کے بعد فریج میں رکھنا بھی اہم مرحلہ ہے۔ اس عمل سے اضافی نمی خارج ہوتی ہے جس کے باعث کوئلوں پر پکنے کے بعد گوشت کا ذائقہ مزید نکھر کر سامنے آتا ہے۔ بعض ماہرین صرف نمک لگا کر گوشت کو کچھ دیر فریج میں رکھنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں، کیونکہ نمک گوشت کے اندر جذب ہو کر اس کے ریشوں کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کباب کی تیاری میں گوشت گلانے والے پاؤڈر کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ قیمے کا انتخاب زیادہ اہم ہوتا ہے۔ چپلی کباب کے لیے نسبتاً موٹا قیمہ بہتر سمجھا جاتا ہے جبکہ سیخ کباب کے لیے باریک قیمہ زیادہ موزوں رہتا ہے۔

باربی کیو کے شوقین افراد کے لیے کوئلوں کا درست انتخاب بھی ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق چھوٹے سائز کے کوئلے استعمال کرنے سے گرمی یکساں طور پر پھیلتی ہے اور گوشت بہتر انداز میں پکتا ہے۔ اسی طرح انگیٹھی میں ہوا دینے والا پنکھا مناسب جگہ پر رکھنا چاہیے تاکہ آنچ متوازن رہے اور گوشت کہیں سے جلنے یا کچا رہنے سے محفوظ رہے۔

تازہ قربانی کے گوشت کو جلد نرم کرنے کے لیے ایک اور آسان ترکیب یہ ہے کہ بوٹیوں میں کانٹے کی مدد سے چھوٹے سوراخ کر دیے جائیں۔ اس سے گوشت کی قدرتی سختی کم ہو جاتی ہے اور پکانے کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب اگر اسٹیک تیار کرنا مقصود ہو تو گوشت کو چند دن مخصوص درجہ حرارت پر فریج میں رکھ کر ایج کیا جا سکتا ہے، جس سے اس کا ذائقہ مزید گہرا اور منفرد ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بہترین باربی کیو صرف مصالحوں کا نہیں بلکہ گوشت کی درست تیاری، مناسب میرینیشن اور متوازن آنچ کا بھی نتیجہ ہوتا ہے۔ یہی چھوٹی چھوٹی باتیں عید کی دعوت کو مزید یادگار اور ذائقے دار بنا سکتی ہیں۔

Load Next Story