نیو بلیو ایریا اسلام آباد میں داخلے پر فیس چارج کرنے کا معاملہ ہائیکورٹ پہنچ گیا

ایڈوکیٹ محمد طیب نے ایم سی آئی کے اقدام کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے

 نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس چارج کرنے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔

ایڈوکیٹ محمد طیب نے ایم سی آئی کے اقدام کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں فیس چارج کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کو فریق بنایا گیا ہے۔ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیو بلیو ایریا میں کمرشل مارکیٹس، کارپوریٹ ہیڈ کوارٹرز اور ریسٹورنٹس موجود ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایم سی آئی کی جانب سے نیو بلیو ایریا کے سروس روڈ کے استعمال پر 100 روپے فیس چارج کی جا رہی ہے، جو پارکنگ فیس بھی نہیں۔ اس اقدام کو اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایم سی آئی کسی قسم کی سہولت یا سروس فراہم کیے بغیر فیس وصول کر رہا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

یہ درخواست وکلا ذوہیب گوندل، حضرت یونس اور محمد سعید ڈار نے دائر کی ہے۔

Load Next Story