انتخابی میدان میں شکست کے خوف نے مخالفین کو پری پول رگنگ پر مجبور کر دیا، شازیہ مری

گلگت بلتستان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں

گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ انتخابی میدان میں شکست کے خوف نے مخالفین کو پری پول رگنگ پر مجبور کر دیا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں سے انتخابی عمل میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ کہیں انتظامی افسران کے تبادلے کیے جا رہے ہیں اور کہیں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوششیں جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ سرکاری مشینری کے ذریعے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی اطلاعات تشویشناک ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں سرگرم شرکت بھی انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ شازیہ مری کے مطابق آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت شفاف، منصفانہ اور ایماندارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران گلگت بلتستان میں پنجاب پولیس کی موجودگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ سرکاری مشینری کے استعمال کی ہر شکایت کا فوری نوٹس لیا جانا چاہیے اور عوامی رائے پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے۔ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے، کیونکہ عوامی مینڈیٹ پر کسی قسم کا ڈاکا جمہوری اقدار کے خلاف ہوگا۔

Load Next Story