کراچی؛ ٹرک کی ٹکر سمیت ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق
(فوٹو: فائل)
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جہاں اورنگی ٹاؤن میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے گھر کے باہر بیٹھا ہوا شہری دم توڑ گیا اور گلشن حدید میں کار الٹنے سے ڈرائیور زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ پورٹ قاسم کے قریب سوزوکی پک اپ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے گلشن بہار سیکٹر 16 بسم اللہ کالونی میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جن کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی۔
ہیڈ محرر تھانہ پاکستان بازار ساجد خان نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 55 سالہ جمیل کے نام سے ہوئی، متوفی کی رہائش گاہ میں روڈ کے قریب تھی جو کہ اپنے گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ مزدا ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور اس کی ٹکر سے جمیل جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے مزدا ٹرک کو اپنے قبضے میں لے کر لوڈر باسط کو حراست میں لے لیا اور اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
گلشن حدید لنک روڈ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جن کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت 50 سالہ مدثر کے نام سے ہوئی جو کہ کار میں سوار تھا، حادثہ کار الٹنے کے نتیجے میں پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا پورٹ قاسم وائر لیس گیٹ کے قریب سوزوکی پک اپ الٹنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 32 سالہ عزیز ، 28 سالہ شاید اللہ، 24 سالہ شہباز، 20 سالہ نبی بخش، 26 سالہ نیاز علی اور 28 سالہ عبداللہ جان کے نام سے کی گئی۔