شاہراہ قراقرم پٹن میں احتجاج کے باعث 8 گھنٹوں سے بند، سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، مسافر پریشان

کوہستان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شاہراہ قراقرم پر پٹن کے شہری احتجاج کر رہے ہیں

فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں کوہستان کے علاقہ پٹن میں عوامی احتجاج کے باعث شاہراہ قراقرم گزشتہ 8 گھنٹوں سے بند ہے جہاں گلگت بلتستان سے راولپنڈی اور اسلام آباد آنے جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوہستان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مقامی رہنما حبیب اللہ خان کی قیادت میں شاہراہ قراقرم پر پٹن کے شہری احتجاج کر رہے ہیں۔

پٹن میں مشتعل مظاہرین نے دن دو بجے سے شاہراہ بند کر رکھی ہے جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی ہیں اور ہزاروں مسافر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

مظاہرین نے پٹن گریڈ اسٹیشن سے داسو ڈیم اور بھاشا ڈیم کی ٹرانسمیشن لائن کی بجلی بند کردی جبکہ پٹن میں دوبیر خوڑ ہائیڈروپاور پروجیکٹ کو بھی بند کردیا ہے۔

لوئر کوہستان اور کولی پالس کے مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹن گرڈ جو 132کے وی کیا گیا ہے اس کو فوری طور پر چالو کیا جائے، جب تک پٹن گرڈ 132 کے وی کو مکمل کرکے عوام کو دوبیر خوڑ پاور پراجیکٹ سے بجلی نہیں دی جاتی اس وقت تک شاہراہ قراقرم بند رہے گی۔

Load Next Story