لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 41 تک جانے کا امکان
لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جہاں سورج نے صبح سے ہی اپنی تپش دکھانا شروع کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت درجہ حرارت تقریباً 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے بعد زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق دن کے ساتھ ساتھ اب راتوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اور کم سے کم درجہ حرارت 26 سے بڑھ کر 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس سے حبس اور گرمی مزید محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے، جبکہ کل درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔