جنوبی وزیرستان میں اراضی تنازع پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
جنوبی وزیرستان میں اراضی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل توئی خلہ کے علاقے گل کھچ میں اراضی تنازع پر 2 فریقوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جب کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان تنازع شدت اختیار کرنے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پولیس کانسٹیبل سعاد عرف سیدو بھی شامل ہیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔