ہائیکورٹ: گریڈ 17 اور اوپر کے ملازمین کو مفت بجلی سہولت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن معطل

مفت بجلی ملازمین کی سروس کے بنیادی معاہدے کا حصہ اور اس کا یکطرفہ خاتمہ غیر قانونی ہے، وکیل کا مؤقف

فوٹو فائل

پشاور:

پشاور ہائی کورٹ نے گریڈ 17 اور اوپر کے ملازمین کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹیسکو  ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست   پر سماعت کے بعد پشاور ہائیکوٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس انعام اللہ خان نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔

عدالت نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے حکومتی  نوٹی فکیشنز معطل کردیے  اور 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے حکومتی  نوٹیفکیشنز پر عمل درآمد روک دیا۔

عدالت نے ٹیسکو ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت کی معطلی کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر عبوری حکم جاری کیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل محمد فاروق ملک نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مفت بجلی ملازمین کی سروس کے بنیادی معاہدے کا حصہ ہے اور اس کا یکطرفہ خاتمہ غیر قانونی ہے۔ مفت بجلی سہولت کا خاتمہ آئین کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل کے مطابق نگراں حکومت نے   گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کی تھی ۔ نگراں حکومت کو پالیسی فیصلوں کے ذریعے ملازمین کے حقوق متاثر کرنے کا اختیار نہیں۔ ٹیسکو ایک آزاد کارپوریٹ ادارہ ہے، حکومتی نوٹیفکیشن کمپنی کے طریقہ کار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

عدالت نے حکم دیا کہ  کیس کی اگلی سماعت 18 جون 2026 تک ملتوی کی جاتی ہے۔ اگلی سماعت تک مفت بجلی ختم کرنے کے حکومتی اقدامات معطل رہیں گے۔

Load Next Story