پی ٹی آئی ایم پی اے کا جعلی ویڈیوز، تصاویر کے ذریعے ہراسگی پر این سی سی آئی اے سے رجوع

این سی سی آئی اے لاہور نے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دو شہریوں کو 8 جون کو طلب کر لیا

پنجاب کے ضلع بورے والا میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے سید سلمان شاہد نے این سی سی آئی اے سے رجوع کرتے ہوئے اپنی مبینہ جعلی اے آئی ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے سوشل میڈیا پر کردار کشی اور ہراسگی کا الزام عائد کیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ اور فیس بک گروپس پر مبینہ قابلِ اعتراض اور جعلی مواد شیئر کیا گیا، جس سے ان کی ساکھ اور کردار کو نقصان پہنچا ہے۔ درخواست میں 2 افراد کو نامزد جبکہ 25 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ایم پی اے نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم چلائی جا رہی ہے اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ مبینہ نازیبا مواد اے آئی کے ذریعے تیار کیا گیا۔

انہوں نے این سی سی آئی اے سے فوری تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا مواد جعلی اور من گھڑت ہے۔

این سی سی آئی اے لاہور نے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دو شہریوں کو 8 جون کو طلب کر لیا ہے جبکہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔

لاہور میں این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں 8 جون صبح 11 بجے پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا گیا، نوٹسز ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

Load Next Story