آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران فوج، رینجرز تعینات ہوگی، چیف الیکشن کمشنر
فوٹو: فائل
آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعینات ہوگی اور انتخابی نتائج کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اراکین الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا شکیل خان، آزادجموں و کشمیر کے 33 حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں کے ریٹرننگ افسران شریک ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، کوڈ آف کنڈکٹ پر بلاامتیاز اور سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کے لیے قواعد میں نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ2016 کے انتخابات آزادکشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے، عوام کا سب سے زیادہ اعتماد عدلیہ پر ہے، پولنگ اسکیموں اور پریذائیڈنگ افسران کی تقرری مکمل شفافیت سے کی جائے اور انتخابی افسران قانون اور ضابطوں کے مطابق غیرجانب دارانہ فرائض انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعینات ہوں گی، انتخابی نتائج اور ریکارڈ کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
رکن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کہا کہ عدلیہ اور دفاعی ادارے عوام کے اعتماد کا مرکز ہیں، شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے عدلیہ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا شکیل خان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اورریٹرننگ افسران کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران نے انتخابی عمل مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔