معاذ صداقت آپریشن کے باعث دو ہفتوں کیلیے کرکٹ سے باہر ہوگئے
قومی کرکٹر معاذ صداقت اپنڈکس کے آپریشن کے باعث کم از کم دو ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے۔
پی سی بی کے مطابق معاذ صداقت کا لاہور کے مقامی اسپتال میں کامیاب لیپروسکوپک اپنڈیکٹومی آپریشن ہوا، معاذ صداقت نے ہفتہ کی شب ایبٹ آباد اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیا تھا۔
اتوار کی صبح معاذ صداقت نے پیٹ کے نچلے حصے میں شدید درد کی شکایت کی۔مقامی اسپتال میں اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے شدید اپنڈیسائٹس کی تشخیص کرتے ہوئے فوری آپریشن کا مشورہ دیا۔پی سی بی میڈیکل ٹیم کی مشاورت سے معاذ صداقت کا فوری آپریشن کیا گیا۔معاذ صداقت کا آپریشن کامیاب رہا۔ اب ان کی طبیعت تسلی بخش ہے۔
پی سی بی کی میڈیکل ٹیم معاذ صداقت کی مسلسل نگہداشت کر رہی ہے۔معاذ صداقت حالیہ آسٹریلیا ون ڈے سیریز میں پاکستان کی جانب سے اوپننگ بھی کر چکے ہیں۔معاذ صداقت کو 15 جون سے شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ کے لیے 27 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
مکمل صحت یابی اور میڈیکل کلیئرنس کے بعد معاذ صداقت قومی وائٹ بال کیمپ جوائن کریں گے، پی سی بی نے معاذ صداقت کی کامیاب سرجری اور صحت یابی کے عمل کی تصدیق کر دی ہے۔