’کرش 4‘ کے لیے 500 کروڑ بجٹ کی خبروں پر راکیش روشن کا ردعمل آگیا
بالی ووڈ کی مقبول سپر ہیرو فرنچائز ’کرش‘ کی چوتھی فلم کے بجٹ سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر فلم ساز راکیش روشن نے وضاحت دیتے ہوئے تمام دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکار رتیک روشن نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’کرش 4‘ کے لیے 500 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا اس رقم کو 350 کروڑ روپے تک محدود رکھنا چاہتے ہیں، جس کے باعث منصوبے میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
تاہم راکیش روشن نے ان خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ دعویٰ سراسر غلط ہے کہ رتیک روشن نے عالمی معیار کے ویژول ایفیکٹس اور ایکشن کے لیے 500 کروڑ روپے کے بجٹ کا مطالبہ کیا ہے اور اس معاملے پر پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ کوئی تنازع موجود ہے۔
راکیش روشن کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے کی فلموں کو معیاری انداز میں تیار کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ایسی فلم بنانا جو وسیع ناظرین کو متاثر کر سکے، جلد بازی میں ممکن نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ’کرش‘ سیریز کی ہر فلم پر مناسب وقت صرف کیا گیا تھا۔
فلم میں تاخیر کی خبروں پر بات کرتے ہوئے راکیش روشن نے کہا کہ ٹیم کے درمیان کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کرش تو کسی اور ہی دنیا میں ہے اور ہم سب اس کی تاریخوں کے منتظر ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ مکمل طور پر خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے اور یہ آدتیہ چوپڑا، رتیک روشن اور ان کے درمیان مشترکہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم کے بجٹ پر جاری مشاورت کے باعث منصوبے کی رفتار سست پڑ گئی ہے اور پروڈیوسرز مختلف مالیاتی آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ’کرش‘ فرنچائز کا آغاز ’کوئی مل گیا‘ سے ہوا تھا، جس کے بعد کرش اور کرش 3 ریلیز ہوئیں۔ یہ سیریز کرشنا مہرا نامی سپر ہیرو کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار رتیک روشن ادا کرتے ہیں۔ نئی فلم کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے اور ہر نئی اپ ڈیٹ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔