ترجمان سندھ حکومت نے حافظ نعیم الرحمان کے الزامات کو مسترد کر دیا

حافظ نعیم الرحمان اپنی شکست کا غصہ کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی پر نکال رہے ہیں، سعدیہ جاوید

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید اور سکھ دیو ہمنانی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد حافظ نعیم الرحمان اپنی شکست کا غصہ کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی پر نکال رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو کنکریٹ کا جنگل بنانے اور ہائیڈرنٹس کے نظام کی بنیاد رکھنے میں جماعت اسلامی کا کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ چاہے محمد ضیاء الحق کا مارشل لا ہو یا پرویز مشرف کا دور، جماعت اسلامی اقتدار کا حصہ رہی ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کی سیاست جھوٹ، پروپیگنڈے اور اشتعال انگیز تقاریر تک محدود ہو چکی ہے۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمان پہلے اپنے ٹاؤن چیئرمینز کی کارکردگی اور انتظامی مسائل کا جواب دیں، اس کے بعد قومی معاملات پر بات کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کراچی سے گلگت بلتستان تک عوامی حمایت رکھتی ہے۔

دوسری جانب سکھ دیو ہمنانی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ نہ لینے والی جماعت اسلامی کو پیپلز پارٹی کی کامیابی پر حسد نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی ایک قومی جماعت ہے جس کے ملک کے تمام حصوں کے عوام سے مضبوط تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے قومی یکجہتی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ سکھ دیو ہمنانی کے مطابق حب کینال منصوبے کے ذریعے کراچی کے لیے مزید 100 ایم جی ڈی پانی کی گنجائش پیدا کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے شہر کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ترقی کے لیے پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا ہے اور مستقبل میں وہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنائی جائے گی۔

Load Next Story