ٹائر پھٹنے سے کار درخت سے جا ٹکرائی، نجی ٹیکسی سروس کا ڈرائیور جاں بحق، مسافر زخمی

ٹائر پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو گئی، ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا

لاہور:

گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے ٹیکسی درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق اور 2 مسافر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کینسر کیئر اسپتال کے قریب ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے میں نجی کمپنی سے وابستہ آن لائن رائیڈ سروس کا ڈرائیور جاں بحق جبکہ 2 مسافر زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آلٹو کار نمبر BXL-617 ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں کار ڈرائیور عثمان ولد امین، سکنہ پارک ویو سوسائٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

حادثے میں گاڑی میں سوار 2 مسافر بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ اداروں کے اہلکار اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ گاڑی کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید جانچ جاری ہے۔

دوسری جانب سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ٹائروں اور مجموعی فٹنس کی بروقت جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

Load Next Story