خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
فوٹو: فائل
صوبائی ڈیزاسٹر منیجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 13 جون کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں کل سے 13 جون کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے باعث میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے اور صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے تحت کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، ضلعی انتظامیہ کو اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے اور متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورت حال سے آگاہ رکھنے اور تیز بارشوں میں عوام کو سیلاب، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔