پنجاب سے ملحق چیک پوسٹوں سے پختونخوا کو گندم اور آٹا نہیں دیا جارہا، گورنر کے پی
فوٹو: فائل
گورنر کے پی نے کہا ہے کہ پنجاب سے ملحق چیک پوسٹوں سے پختونخوا کو گندم اور آٹا نہیں دیا جارہا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاسکو کے ذریعے خیبرپختونخوا کو گندم فراہمی کے احکامات پر وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں ۔ صوبے کو 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے ۔ پاسکو کے ذریعے وزیر اعظم نے 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی منظوری دی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ باقی گندم کی پنجاب سے فری ترسیل ابھی تک رکی ہوئی ہے ۔ پنجاب سے ملحق 9 چیک پوسٹوں سے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹا نہیں دیا جارہا جب کہ آئین اور نئی گندم پالیسی کے تحت آٹے اور گندم کی مفت ترسیل ہمارا حق ہے ۔
گورنر کے پی کے نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب چیک پوسٹوں کی صورتحال کا نوٹس لیں ۔ پاسکو کے علاوہ ہماری ضرورت کے آٹے اور گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے ۔ صوبے کے عوام کو سستے آٹے اور گندم کے حق سے محروم نہ رکھا جائے ۔