اہلِ پنجاب کے لیے کئی دن بعد اچھی خبر آ گئی، شہری خوش
پنجاب میں رہنے والوں کے لیے کئی دن کے بعد اچھی خبر آ گئی، جس سے شہریوں کا موڈ خوشگوار ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت بدستور قائم ہے، تاہم گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ بارش ہونے کی اطلاع بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے دی دی گئی ہے۔
آج صبح ہی سے سورج غصے میں نظر آیا، جس کی وجہ سے درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بعد ازاں گردآلود ہوائیں چلنے سے کم سے کم درجہ حرارت میں قدر کمی آ گئی اور 31 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ واضح رہے کہ لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے ، جس کے مطابق آج سے 13 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات کی جانب ہرگز نہ جائیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گردوغبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔کسان اپنے تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔