وزیر داخلہ کی سی ایم ایچ پشاور آمد، پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی عیادت کی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) پشاور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی فردا فردا زخمی اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں کے جذبے اور فرض شناسی کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
انہوں نے اہلکاروں کے علاج معالجے کے بارے ڈاکٹرز سے اپ ڈیٹس لیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، آپ قوم کے ہیرو ہیں، ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ جیسے بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا حکومت کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا بھی موجود تھے۔