ٹرمپ کا 39 ویں بار ایران سے ڈیل کا اعلان، سی این این کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا
واشنگٹن: امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ایک خصوصی مونتاج ویڈیو نشر کی ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق بار بار کیے گئے دعوؤں کو یکجا کیا گیا۔
سی این این کے معروف میزبان اینڈرسن کوپر نے پروگرام کے دوران کہا کہ ٹرمپ ایک بار پھر ایران کے ساتھ معاہدہ قریب ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے ایسی بات کی ہو۔
اینڈرسن کوپر کے مطابق ٹرمپ اب تک کم از کم 39 مرتبہ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ یا مفاہمت ہونے والی ہے یا اس کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
سی این این کی جانب سے نشر کیے گئے ویڈیو مونتاج میں مختلف اوقات میں ٹرمپ کے وہ بیانات شامل کیے گئے جن میں انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات، امن معاہدے اور سفارتی پیش رفت کے بارے میں امید ظاہر کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں بھی ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک مضبوط اور مؤثر معاہدہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد پیش رفت متوقع ہے۔
CNN Montage Highlights Trump's Repeated Claims of Iran Deals
— Tasnim News Agency (@Tasnimnews_EN) June 12, 2026
Anderson Cooper: Today marks the 39th time he has made such a statement. pic.twitter.com/g8nu1eeReZ
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے متعدد دعوے کیے گئے تھے لیکن ان میں سے کئی عملی نتائج تک نہیں پہنچ سکے۔ دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں میں پیش رفت کے امکانات موجود ہیں اور مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
سی این این کی رپورٹ اور اینڈرسن کوپر کے تبصرے نے امریکی سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا ایران کے حوالے سے ٹرمپ کے تازہ دعوے اس بار حقیقت کا روپ دھار سکیں گے یا نہیں۔