نامعلوم خاتون کے قتل کا معمہ حل کرنے پر حنا پرویز بٹ کی پولیس کو شاباشی

تفتیش کے دوران شوہر احسن نے اپنے بھائی فرمان کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا

چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سرگودھا میں نامعلوم خاتون کے قتل کا معمہ حل کرنے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق بھلوال کے قریب نہر سے ملنے والی خاتون کی شناخت نہ ہونے کے باوجود پولیس نے مسلسل محنت سے کیس ٹریس کرلیا۔

حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ لاش نہر سے ملی، گلا تیز دھار آلے سے کاٹا گیا تھا اور موقع سے شناخت کا کوئی ثبوت موجود نہیں تھا۔ بھلوال سٹی پولیس نے نامعلوم خاتون کی شناخت کے لیے اعلانات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ذرائع کا استعمال کیا۔ پولیس نے نادرا کی مدد اور سائنسی تفتیش کے ذریعے مقتولہ کی شناخت فریال بی بی کے نام سے یقینی بنائی۔

حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ شناخت کے بعد پولیس نے مقتولہ کے اہل خانہ سے معلومات حاصل کیں اور شوہر احسن کو شامل تفتیش کیا، حنا پرویز بٹ

تفتیش کے دوران شوہر احسن نے اپنے بھائی فرمان کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان نے قتل کے بعد لاش نہر میں پھینک کر جرم چھپانے کی کوشش کی، مگر پولیس نے محنت سے اصل ملزمان تک رسائی حاصل کی۔

حنا پرویز نے کہا کہ دوسری شادی کی خواہش میں بیوی کو قتل کرنا انتہائی سفاکانہ اور ناقابل برداشت جرم ہے۔ قتل کے اگلے ہی دن دوسری شادی کرنا ملزم کی سنگدلی اور بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔

حنا پرویز بٹ کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی ملزم احسن اور اس کے بھائی فرمان کی گرفتاری پولیس کی اہم کامیابی ہے۔

Load Next Story