برازیل میں بنجی جمپ کے دوران حفاظتی رسی نہ لگنے سے 21 سالہ خاتون ہلاک

واقعے کے بعد انتظامات سے وابستہ چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا

برازیل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بنجی جمپ کے دوران حفاظتی اقدامات میں سنگین غفلت کے باعث 21 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں 21 سالہ خاتون 40 میٹر بلند پل سے رسی کے ذریعے چھلانگ لگانے کے دوران جان کی بازی ہار گئی۔ خاتون کو ایڈونچر سرگرمی کے لیے پل سے نیچے دھکیلا گیا تاہم منتظمین مبینہ طور پر انہیں حفاظتی رسی سے باندھنا ہی بھول گئے تھے۔

ماریا ایڈوارڈا روڈریگز ڈی فریٹس نامی خاتون پہلی بار اس ایڈونچر گیم کا تجربہ کر رہی تھی اور اپنے خوف پر قابو پانے کے لیے اس میں حصہ لیا تھا، لیکن یہ تجربہ افسوسناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں

پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق خاتون کو اس وقت پلیٹ فارم سے چھلانگ لگوائی گئی جب اس کی حفاظتی رسی درست طریقے سے منسلک نہیں کی گئی تھی۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے تاہم خاتون شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

واقعے کے بعد انتظامات سے وابستہ چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ حکام نے غفلت اور قتلِ خطا کے پہلوؤں پر مشتمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب لیمیرا کے میئر موریلو فیلکس نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے خطرناک مقامات پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکام سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داران کا تعین ضروری ہے کیونکہ اس مقام پر پہلے بھی خطرات موجود رہے ہیں۔

Load Next Story