مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹس شہید
پاک فضائیہ کا سپر مشاق تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیر کے روز مردان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے ایک انسٹرکٹر پائلٹ اور پاکستان بحریہ کے ایک زیر تربیت افسر نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان بحریہ کے لیفٹیننٹ طہ عباسی شہید ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں افسران معمول کی تربیتی پرواز پر تھے جب ان کا سپر مشاق طیارہ مردان کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز نے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا ہے، جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
مسلح افواج کی قیادت نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس المناک سانحے میں ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دونوں پائلٹس کی شہادت پر اظہار تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ اللہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ پاک افواج کی دفاع وطن کے لیے پیشہ ورانہ مہارت بے مثال ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں شہید پائلٹس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹس نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں دونوں شہید پائلٹس کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔