ہمارے لیے موت آسان ہوگئی، صومالیہ میں یرغمال پاکستانی کا نیا ویڈیو بیان
صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں 57 روز سے یرغمال پاکستانی شہری کی ویڈیو آگئی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے لیے اب جینا مشکل اور موت آسان ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال جہاز آنر 25 میں سوار پاکستانی سیکنڈ افسر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے کہا کہ تقریبا دو ماہ گزر گئے صومالی قذاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی زندگی اور موت کی کشمکش میں وقت گزار رہے ہیں ۔
انہوں نے حکومت پاکستان فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قید میں 57 روز گزر چکے، ہماری حالت انتہائی نازک ہے عملے کے کئی ارکان شدید بیمار ہو چکے ہیں، عملے کے ارکان ذیابیطس اور انفیکشن میں مبتلا ہیں اور وہ اب مزید جینے کے قابل نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم پاکستان مدد کریں، آج ہمارے لیے جینا مشکل اور موت آسان ہوگئی یے ، ہم صرف سادہ سفید چاول اور آلودہ پانی پر زندہ ہیں جبکہ کمپنی نے ہمیں کوئی امداد نہیں بھیجی۔ ہائی جیکرز کسی تیسرے فریق کے ساتھ بات چیت کرنے سے انکار کرتے ہیں۔
سیکنڈ افسر نے کہا کہ ہائی جیکرز صرف ہمارے جہاز کے دستاویزات میں درج کمپنی کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنا چاہتے ہیں، ہم حکومت سے مداخلت کرنے اور ہماری کمپنی کو اس کے عملے کی ذمہ داری لینے پر مجبور کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں زندہ رہنے کے لیے بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، کمپنی نے خوراک یا دوائی کے معاملے میں کسی قسم کی امداد فراہم نہیں کی ہے۔