سنچیتا اوگلے کی موت، ساتھی اداکار پر رقم ادھار لینے اور ہراسانی کے الزامات
بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے، جہاں ان کی قریبی دوست اور ساتھی اداکارہ نے اداکار اُجوال شرما پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
ٹی وی ڈرامہ ’ساجن گھر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی سنچیتا اوگلے کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ پر موت نے شوبز انڈسٹری کو صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے، تاہم اب ایک نئی پیش رفت نے کیس کی پیچیدگی میں اضافہ کر دیا ہے۔
سنچیتا کی دوست اور اداکارہ اندراکشی کانجی لال نے الزام عائد کیا ہے کہ اُجوال شرما نے سنچیتا کو مبینہ طور پر ذہنی دباؤ اور ہراسانی کا سامنا کروایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے انہی مسائل کے باعث ڈرامہ ’ساجن گھر‘ سے بھی علیحدگی اختیار کی تھی۔
اس سے قبل اُجوال شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا سنچیتا کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا اور اداکارہ اپنے سابق بوائے فرینڈ سے علیحدگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، جس کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے اپنے آبائی شہر میں موجود تھے اور ان کا سنچیتا سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔
تاہم اندراکشی کانجی لال نے اُجوال شرما کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ان کے مطابق اُجوال نے سنچیتا سے رقم ادھار لی تھی اور جب اداکارہ نے رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو مبینہ طور پر انہیں گالیاں دی گئیں، تذلیل کا نشانہ بنایا گیا اور دھمکیاں بھی دی گئیں۔
اندراکشی نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹس موجود ہیں، جن میں مبینہ طور پر اُجوال کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سنچیتا نے اس معاملے پر پروڈکشن ہاؤس کے اعلیٰ حکام سے بھی شکایت کی تھی، لیکن کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے ابھی تک معاملے میں کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا گیا اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور بیانات کی روشنی میں ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔