جارجیا میلونی اور مودی کی دلچسپ گفتگو، خود کو ’جوڑی‘ قرار دے دیا، ویڈیو وائرل
فرانس میں ہونے والے جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کی گروپ تصویر بنائے جانے سے قبل دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں مختصر تبادلۂ خیال بھی کیا۔ اس دوران ہونے والی ایک دلچسپ گفتگو نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کر لی۔
وائرل ویڈیو میں نریندر مودی اپنی سوشل میڈیا مقبولیت کا ذکر کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس پر جارجیا میلونی مسکراتے ہوئے جواب دیتی ہیں کہ ’’جی ہاں، ہم انسٹاگرام کی سب سے مشہور جوڑی ہیں۔‘‘ ان کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہا ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب مودی اور میلونی کی ملاقات یا تصاویر آن لائن توجہ کا مرکز بنی ہوں۔ اس سے قبل اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران نریندر مودی نے میلونی کو ٹافیوں کا تحفہ پیش کیا تھا، جس کے بعد بھی سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوئی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی ماضی میں اس معاملے پر مودی کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک کو معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور طلبا کے احتجاج جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، وزیرِ اعظم کو سنجیدہ مسائل پر توجہ دینی چاہیے نہ کہ سوشل میڈیا ریلز اور تشہیری سرگرمیوں پر۔
تاہم جی سیون اجلاس کے دوران مودی اور میلونی کی یہ دوستانہ گفتگو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے، جہاں صارفین اس ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کر رہے ہیں۔