شدید تکلیف کے باوجود ہمت نہ ہاری، سونو نگم نے اپنی بیماری سے متعلق بڑا انکشاف کردیا
بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے اپنی صحت سے متعلق تشویش ناک تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک تکلیف دہ طبی مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ وعدے پورے کرنے کے لیے اسٹیج پر پرفارم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں سونو نگم نے انکشاف کیا کہ انہیں ’’پنچڈ نروز‘‘ (دب جانے والی اعصاب) کے مسئلے کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وہ گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف طبی معائنے اور ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ ان کے مطابق بیماری کی تشخیص کے لیے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین سمیت متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ وہ مسلسل ادویات بھی استعمال کر رہے ہیں۔
گلوکار نے بتایا کہ فزیوتھراپی کے سیشنز ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ درد کی شدت کم کرنے کے لیے انہیں درد کش ادویات لینا پڑ رہی ہیں، جن کے اثرات ان کی آواز پر بھی پڑے ہیں۔ سونو نگم کے مطابق دواؤں کی وجہ سے ان کا گلا بوجھل محسوس ہو رہا ہے، جو کسی بھی گلوکار کے لیے تشویش کی بات ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹھوں کو آرام پہنچانے کے لیے دی جانے والی ادویات نے ان کی جسمانی کیفیت کے ساتھ ساتھ اعتماد کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس کے باوجود وہ اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتے اور طویل وقفے کے بعد ہونے والی اپنی آئندہ لائیو پرفارمنس کے لیے تیار ہیں۔
سونو نگم کا کہنا تھا کہ اگرچہ جسمانی تکلیف اور گلے کی خرابی کے باعث ان کا اعتماد کچھ کم ہوا ہے، لیکن وہ پھر بھی اسٹیج پر پرفارم کریں گے کیونکہ اپنے مداحوں سے کیا گیا وعدہ نبھانا ان کے لیے اہم ہے۔