سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز نے اہم سنگِ میل عبور کر لیا
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کا ذیلی پلیٹ فارم تھریڈز (جو ایکس کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا) نے ماہانہ 50 کروڑ فعال صارفین کا سنگِ میل عبور کرلیا۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال اگست کے بعد سے تھریڈز میں تقریباً 10 کروڑ نئے صارفین شامل ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام کے ساتھ مضبوط انضمام نے صارفین کے لیے تھریڈز پر منتقل ہونا آسان بنا دیا۔ تاہم، میٹا کے مطابق حال ہی میں متعارف کرایا گیا کمیونٹیز فیچر بھی اس غیر معمولی ترقی کی ایک بڑی وجہ ہے۔
50 کروڑ صارفین کا ہندسہ مکمل ہونے پر کمپنی نے کمیونٹیز فیچر کو باضابطہ طور پر بیٹا مرحلے سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر تھریڈز میں متعدد نئی سہولیات بھی شامل کی جا رہی ہیں۔ اب ہر کمیونٹی کا اپنا الگ آئیکن ہوگا جبکہ صارفین کے لیے ایک نیا ’کمیونٹیز ہب‘ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جہاں وہ اپنی دلچسپی کے گروپس تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ’کمیونٹی پروگریس‘ فیچر صارفین کو یہ جاننے میں مدد دے گا کہ کون سے موضوعات مکمل کمیونٹی بننے کے قریب ہیں اور اس عمل میں وہ کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق آنے والے ہفتوں میں ’لائیو چیٹس‘ فیچر کو مزید کمیونٹیز تک توسیع دی جائے گی، جس سے صارفین براہِ راست گفتگو کے دوران اہم لمحات اپنی فیڈ پر بھی شیئر کر سکیں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے متبادل کے طور پر شروع ہونے والا تھریڈز اب محض ایک متبادل پلیٹ فارم نہیں رہا بلکہ سوشل میڈیا کی دوڑ میں ایک مضبوط اور مستقل حریف کے طور پر اپنی جگہ بنا چکا ہے۔