اسکواش چیمپین شپ: پاکستان ٹیم ون نے دو میچ جیت لیے، جمعہ کو بھارت سے مقابلہ ہوگا

پاکستان  ٹیم ٹو پہلے  میچ میں فتح پانے کے بعد دوسرے مقابلے میں ناکام رہی

تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپین شپ میں پاکستان ٹیم ون نے اپنے دونوں میچز جیت لیے، جمعہ کو پول کے آخری میچ میں  روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا، پاکستان  ٹیم ٹو پہلے  میچ میں فتح پانے کے بعد دوسرے مقابلے میں ناکام رہی۔

 موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشن ڈبل اسکواش چیمپین شپ کے پول بی میں عالمی انڈر 23 چیمپین نور زمان اور سابق قومی چیمپین ناصر اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم ون نے اپنے  پہلے میچ میں جاپان کے خلاف افتتاحی میچ 0-2سے جیت لیا، یہ مقابلہ 25 منٹ جاری رہا۔

بعد ازاں قومی ون ٹیم نے دوسرے میچ میں محض10 منٹ  سنگاپور کی ٹیم  کو بھی 0-2 سے مات دے دی،پاکستان ون ٹیم اپنے پول کے تیسرے اور آخری میچ میں جمعہ کو  راہول اور سورج کمار چاند پر مشتمل بھارتی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔

دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپین محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم  ٹو نے پول ڈی کے اپنے پہلے میچ میں صرف 12 منٹ کے مقابلے کے بعد چائنیز تائپے کو 0-2 سے مات دے دی لیکن دوسرے میچ میں اسے سنگاپور کی ٹیم کے خلاف 2ـ0 سے ناکامی اٹھانی پڑی، یہ مقابلہ 26 منٹ تک جاری رہا۔

پاکستان ٹیم ٹو جمعہ کو پول کے آخری میچ میں ہانگ کانگ سے مقابلہ کرے گی،پاکستان اسکوائڈ فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈو ریٹائرڈ عامر نواز ٹیم مینیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔

Load Next Story