فیفا ورلڈ کپ؛ آئیوری کوسٹ کے اہم کھلاڑی جرمنی کے خلاف میچ سے باہر
آئیوری کوسٹ کے اہم کھلاڑی ایلی واہی کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جرمنی کے خلاف ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ کے لیے ٹیم کے ہمراہ سفر کرنے کی اجازت نہیں مل سکی جس کے باعث وہ اس میچ سے باہر ہو گئے۔
آئیوری کوسٹ فٹبال فیڈریشن کے مطابق کھلاڑی کے کینیڈا کے سفر کے لیے ضروری اجازت نامہ حاصل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے انہیں ٹیم کے ساتھ روانہ نہیں کیا گیا۔
واہی گزشتہ ماہ فرانس میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار بھی ہوئے تھے، تاہم ان کے خلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
ایلی واہی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔اس سے قبل گھانا کے مڈ فیلڈر تھامس پارٹے کو بھی کینیڈا کا ویزا جاری نہیں کیا گیا تھا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس وقت تک کھلاڑی کو باضابطہ طور پر کسی مقدمے میں ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔
ایلی واہی نے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں آئیوری کوسٹ کی جانب سے ایکواڈور کے خلاف 1-0 کی فتح میں ابتدائی الیون میں شرکت کی تھی جو ٹیم کے لیے ایک اہم کامیابی تھی۔
فیڈریشن کے مطابق کھلاڑی فی الحال امریکا میں ہی موجود ہے اور ٹیم کی واپسی تک وہیں رہیں گے۔
اس پیش رفت کے بعد آئیوری کوسٹ کو جرمنی کے خلاف اہم گروپ میچ میں اپنی اسٹرائیکنگ لائن میں تبدیلی کرنا پڑے گی جو ٹیم کے لیے ایک چیلنج تصور کیا جا رہا ہے۔