بصری دھوکے یا آپٹیکل الوژن پر مبنی تصاویر ہمیشہ سے لوگوں کی دلچسپی کا مرکز رہی ہیں، کیونکہ ان میں نظر آنے والی چیز اکثر حقیقت نہیں ہوتی۔ ایسی ہی ایک منفرد اور ذہانت کو چیلنج کرنے والی کلاسک پینٹنگ ان دنوں سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے، جس میں ایک پوشیدہ چہرہ تلاش کرنے کا چیلنج دیا گیا ہے۔
روسی مصور ایگور لیسینکو کی تخلیق کردہ اس ونٹیج پینٹنگ کو پہلی نظر میں دیکھا جائے تو ایک پُرسکون قدرتی منظر دکھائی دیتا ہے۔ سبز وادی، درختوں کے درمیان کھڑی پیلے لباس میں ملبوس ایک خاتون اور رنگوں کا دلکش امتزاج تصویر کو نہایت خوشگوار اور سحر انگیز بناتا ہے۔

تاہم اس پینٹنگ کی اصل دلچسپی اس کے پوشیدہ راز میں ہے۔ بظاہر ایک خوبصورت منظر دکھانے والی یہ تصویر درحقیقت اپنے اندر ایک اور تصویر بھی سموئے ہوئے ہے۔ چیلنج یہ ہے کہ صرف چند سیکنڈ میں اس تصویر میں چھپے ایک مرد کو تلاش کیا جائے۔
بصری ماہرین کے مطابق ایسی تصاویر انسانی دماغ کے زاویۂ نظر اور مشاہداتی صلاحیت کو آزماتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض افراد فوراً پوشیدہ شکل کو دیکھ لیتے ہیں جبکہ بہت سے لوگ طویل وقت تک تلاش کے باوجود اسے نہیں دیکھ پاتے۔
اگر آپ نے پوری توجہ سے تصویر کا جائزہ لیا اور پھر بھی چہرہ تلاش نہ کرسکے تو اس کی ایک دلچسپ وجہ ہے۔ اس پینٹنگ کا راز تصویر کے زاویے میں پوشیدہ ہے۔ جیسے ہی تصویر یا موبائل اسکرین کو الٹا کیا جاتا ہے، پورا منظر بدل جاتا ہے اور پیلے لباس میں کھڑی خاتون اور قدرتی مناظر مل کر ایک مرد کے واضح چہرے کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس فن پارے کو بصری دھوکے کی ایک شاندار مثال قرار دیا جاتا ہے، جہاں دیکھنے والے کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ چہرے کو تلاش کر رہا تھا، لیکن درحقیقت وہ چہرہ شروع سے ہی اسے دیکھ رہا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی تصویری پہیلیاں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ دماغ کی توجہ، مشاہداتی صلاحیت اور تخلیقی سوچ کو بھی متحرک کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا آپ نے 5 سیکنڈ کے اندر پوشیدہ چہرہ تلاش کر لیا تھا یا آپ بھی اس دلچسپ بصری دھوکے کا شکار بن گئے؟