فیفا ورلڈ کپ: نیمار کی اسکاٹ لینڈ کیخلاف میچ میں واپسی، ہیڈکوچ کا بڑا اعلان

34 سالہ نیمار مئی کے وسط میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے کے بعد سے ٹیم سے باہر تھے

برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچلوتی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار فارورڈ نیمار فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف گروپ سی کے آخری میچ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

34 سالہ نیمار مئی کے وسط میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے کے بعد سے ٹیم سے باہر تھے جس کے باعث وہ مراکش کے خلاف پہلے میچ اور ہیٹی کے خلاف دوسرے گروپ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

فلاڈیلفیا میں ہیٹی کے خلاف برازیل کی 3-0 سے شاندار فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارلو اینچلوتی نے بتایا کہ نیمار کی بحالی کا عمل مثبت انداز میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیمار کل انفرادی ٹریننگ کریں گے، اس کے بعد پیر سے دوبارہ ٹیم کے ساتھ پریکٹس شروع کریں گے اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ نیمار اکتوبر 2023 کے بعد سے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے اور حالیہ ہفتوں میں انجری سے مکمل صحت یابی کے لیے محنت کر رہے تھے۔

دوسری جانب برازیل نے ورلڈ کپ مہم کا آغاز مراکش کے خلاف 1-1 کے ڈرا سے کیا تھا، تاہم ہیٹی کے خلاف زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔

Load Next Story