خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات اور جنسی زیادتی کی کوشش، جعلی پیر گرفتار

ملزم مبینہ طور پر خاتون کو بار بار فون کر کے اپنے گھر آنے کے لیے دباؤ ڈالتا اور دھمکیاں دیتا رہا

فوٹو: فائل

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں خواتین کے ساتھ مبینہ جنسی استحصال اور زیادتی کی کوشش میں ملوث ایک نامزد ملزم کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ان کی ہدایت پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد، سب انسپکٹر فریاد اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرؤف کو حراست میں لے کر حوالات منتقل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے دم کروانے کے لیے ایک مبینہ جعلی پیر کو گھر بلایا تھا، جہاں ملزم نے اہل خانہ کو کمرے سے باہر بھیج کر خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔

بعد ازاں ملزم مبینہ طور پر خاتون کو بار بار فون کر کے اپنے گھر آنے کے لیے دباؤ ڈالتا اور دھمکیاں دیتا رہا۔

پولیس کے مطابق خاتون نے صورتحال جانچنے کے لیے ایک فرضی لڑکی کو ملزم کے پاس بھیجا، جہاں ملزم نے اس کے ساتھ بھی مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کی کوشش کی۔

متاثرہ خاتون کے بھائی صائم حسین کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایس پی کینٹ اختر نواز نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Load Next Story