کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا شہر میں 3 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان
کراچی ٹرانسپورٹ اتحادنے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا، کل سے معمول کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر چلے گی۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور کمشنر کراچی کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات اختتام پذیر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گاڑیوں کی منتقلی کے دوران بائیومیٹرک مرحلے سے متعلق ٹرانسپورٹرز کا دو ماہ کی مہلت دینے کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا، جبکہ تھرڈ پارٹی انشورنس کی مد میں 12 ہزار روپے ادائیگی کے معاملے کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اجلاس کے دوران فریقین کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا اور آئندہ پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے پندرہ روز بعد دوبارہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد جلد ہی اپنی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرے گا، جس میں حکومتی یقین دہانیوں اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔