کشمیر سے متعلق دیے گئے بیان پر قائم ہوں، کسی دلیل کی وجہ سے بات کی، خواجہ آصف

برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا، وزیر دفاع کی قومی اسمبلی میں گفتگو

اسلام آباد:

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیر سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، انہوں نے جو بیانات دیے میں نے اسکا جواب دیا اور میں نے جو بات کی اسکی دلیل بھی دی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جناب اسپیکر میں نے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا، برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا، کشمیریوں نے جانیں دی لیکن ہم نے بھی جانیں دیں، ہم نے پانچ جنگیں لڑی ہیں لیکن صلہ کیا ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نوے کی دہائی میں شدید کشیدگی دیکھی، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے کشیدگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے اقتدار کے زمانے میں اس ایوان میں کیا کیا نہیں ہوا، مراد سعید ان میزوں کے اوپر دوڑتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے پاس گئے لیکن عمران خان وزیراعظم تھے تو آپ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے، یہ عمران خان کے ڈر سے ہمارے ساتھ ملتے بھی نہیں تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا کسی نے نہیں پہنچایا، آئین اور جمہوری روایات کو عمران خان نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، محمود خان اچکزئی ان کے درمیان بیٹھ کر بڑے عجیب لگتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین کی باتیں کرنے والوں نے اسی ایوان میں تحریک عدم اعتماد کے بجائے آرٹیکل 5 استعمال کیا اور اسمبلی تحلیل کر دی لیکن ہم نے میثاق جمہوریت کرکے ماضی کو بھلایا اور آگے بڑھے، آئیں میثاق جمہوریت کو مزید بہتر بناتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا خطاب

امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ایوان میں بہت سی جذباتی باتیں ہوئی ہیں لیکن یہ وقت تحمل و برداشت کا ہے، کل سپیکر صاحب، آپ نے بھی جذباتی گفتگو کی ہے جو آپ کو نہیں کرنی چاہیے تھی۔ خواجہ آصف نے جو باتیں کی ہیں وہ ردعمل بطور وزیر دفاع نہیں کرنی چاہیئے تھیں، آپ نے لڑائی خواجہ آصف اور صلح اسحاق ڈار کے حوالے کر رکھی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے سوال اٹھایا کہ جلسوں میں کیا نواز شریف کنٹینر پر آرمی چیف اور فوج کے خلاف تقاریر نہیں کیا کرتے تھے؟ کیا فوج کو نواز شریف محکمہ زراعت نہیں کہا کرتے تھے؟

راجا پرویز اشرف

پی پی پی رکن قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا احترام اپنی جگہ لیکن آپ نے کشمیر کے راولاکوٹ سے متعلق انتہائی غلط بات کی ہے، راولا کوٹ والوں کو کشمیری نہ ماننا یہ کشمیریوں کی توہین ہے، غلطی جس کی بھی مگر بات چیت کی ضرورت ہے۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پی پی پی سے زیادہ کشمیر کا تعلق کس سے ہے، شہید بھٹو نے کہا تھا کشمیر کے لیے ہزار سال تک لڑیں گے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’لواں گے، لواں گے، پورا کشمیر لواں گے۔‘‘

پیپلز پارٹی رکن نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے پرچم میں دفن ہوتے ہیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع کی طرف سے کشمیریوں سے متعلق نامناسب الفاظ کہنا کسی صورت قبول نہیں۔

Load Next Story