امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران سیکیورٹی اداروں نے میچ کے مختلف وینیوز اور فین زونز کے اطراف سے 300 سے زائد غیر مجاز ڈرونز ضبط کر لیے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی ڈرون سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ شائقین اور کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ورلڈ کپ میچز کے دن اسٹیڈیم کے تین میل کے دائرے اور تین ہزار فٹ کی بلندی تک ہر قسم کی فضائی سرگرمی، بشمول ڈرون پرواز، ممنوع قرار دی گئی ہے۔ یہی پابندیاں فین زونز پر بھی نافذ ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف عوامی تحفظ بلکہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی کیے گئے ہیں۔
ایف بی آئی کی خصوصی ٹیمیں اسٹیڈیمز کے اطراف تعینات ہیں جو غیر قانونی ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
حکام کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرون آپریٹرز کو ایک لاکھ ڈالر تک جرمانے، آلات کی ضبطی اور فوجداری کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میکسیکو میں جنوبی کوریا کی ٹیم کے تربیتی مرکز کے اوپر ایک غیر رجسٹرڈ ڈرون کو بھی مار گرایا گیا تھا جس کے بعد جاسوسی کے خدشات نے جنم لیا۔
اس واقعے نے ورلڈ کپ کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔