سابق قومی سلیکٹر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ اوپنر شعیب محمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں اچھے نتائج فراہم کرنے کے لیے زیادہ اعتماد کا مظاہرہ کرنا ہوگا،بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا اعتماد بہت بلند ہوا ہے۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب محمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کا اعتماد بلند ہوا ہے، تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں کامیابی سے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم پر دباؤ میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھے نتائج فراہم کرنے کے لیے زیادہ اعتماد کا مظاہرہ کیا تو سود مند رہے گا۔ اس صورت میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برابری کی سطح پر مقابلہ ممکن ہے۔ انگلینڈ کو اپنی سرزمین پر مقامی کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا،پاکستان نے بھی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اپنے لیے سود مند وکٹیں تیار کر کے فائدہ اٹھایاتھا۔
ان کا کہناتھا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کے سبب سیریز کی اہمیت ہے،اگر پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کےخلاف اعتماد کا مظاہرہ نہیں کیا اور دباؤ میں آکر کھیلا تو نتائج اس کے خلاف آ سکتے ہیں۔