فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کو چوتھی مدت کے لیے اپنی حمایت کی مہم میں اہم پیشرفت اس وقت ملی جب افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے متفقہ طور پر ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق 54 رکن ممالک پر مشتمل افریقی فٹبال کنفیڈریشن فیفا کے سب سے بڑے ووٹنگ بلاکس میں شمار ہوتی ہے اس لیے اس اعلان کو انفانٹینو کے لیے بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم دوسری جانب یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اسے انفانٹینو کی قیادت پر اعتماد نہیں ہے۔
یوئیفا کا مؤقف ہے کہ ورلڈکپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاری سے متعلق متنازع منصوبہ واپس لینے کے باوجود فیفا نے مستقبل میں ایسے فیصلوں سے گریز کی کوئی ضمانت نہیں دی، اس لیے اس کا موقف تبدیل نہیں ہوا۔
ادھر فیفا نے اپنے 211 رکن ممالک سے متنازع منصوبے کے معاملے پر معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ فیصلے کے طریقۂ کار میں خامیاں تھیں۔
عالمی ادارے نے وعدہ کیا ہے کہ اس معاملے کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
جنوبی امریکی کنفیڈریشن نے بھی یکطرفہ فیصلوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فیفا میں شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مزید زور دینے کا مطالبہ کیا ہے۔